پاکستانی حجاج کوحج سبسڈی کی رقم وطن واپسی پرادا کردی جائے گی: وزیرمذہبی امور
نیوزایجنسی العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق پاکستان کے وفاقی وزیربرائے مذہبی اموراور بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکورنے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے منظورکردہ حج سبسڈی (زرتلافی) کی رقم حجاج کرام کو وطن واپسی پرادا کردی جائے گی۔
اتوارکو مکہ مکرمہ میں پاکستان حج مشن میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے زرتلافی کی رقم وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی ہے اور یہ پاکستانی حجاج کے اکاؤنٹس میں یکساں منتقل کردی جائے گی۔
اجلاس میں وزیرموصوف کومنیٰ، مزدلفہ اورعرفات میں عازمینِ حج کے لیے کیے گئے انتظامات کے بارے میں بتایا گیا۔انھوں نے پاکستانی حج مشن کو ہدایت کی کہ مناسکِ حج کی ادائی کے دوران میں پاکستانی عازمین کو درپیش آنے والے مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنایا جائے۔
مفتی عبدالشکورنے مشن کے ذریعے عازمین حج کو مہیا کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔انھوں نے کہاکہ حاجی اللہ کے مہمان ہیں۔ان کی خدمت ہی ہمارے لیے نجات کا باعث بنے گی۔
اس موقع پرانھوں نے حج مشن مکہ مکرمہ کے حکام کو ہدایت کی کہ پاکستانی حاجیوں کوجہاں بھی انتظامات میں کوئی مسئلہ درپیش ہویا انھیں کوئی سقم نظرآئے تواس کا فوری ازالہ کیا جائے اور ان کی خدمت میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے۔