چین اور سعودی عرب کے درمیان 30 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیراور چین کے صدر شی جن پنگ نے دونوں ممالک کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کا سعودی عرب کا دورہ جاری ہے، جہاں دونوں ممالک چین اور سعودی عرب کے درمیان تیس ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط ہوئے۔
دونوں ممالک کے درمیان سبز توانائی، آئی ٹی، ٹرانسپورٹ، تعمیرات اور دیگر شعبوں میں معاہدے کیے گئے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور دونوں ممالک اور ان کے عوام کے مفادمیں انھیں مضبوط بنانے کے ذرائع پر تبادلہ خیال کیا۔اس ملاقات میں سعودی عرب کے وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی شریک تھے۔
سعودی میڈیا کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ بدھ کو سعودی عرب کے 3 روزہ سرکاری دورے پر ریاض پہنچے تھے، انھیں اس دورے کی دعوت سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دی تھی۔