امن و امان کی بہتر صورتحال اور بنیادی ڈھانچہ کی بہتری کیلئے موجودہ حکومت کی کوششوں سے سیاحت کو فروغ حاصل ہو رہا ہے :امریکہ میں پاکستانی سفیر
پاکستان کی تہذیب و تمدن، ثقافتی ورثے اور ملک میں وسیع سیاحتی استعداد کو دنیا بھر میں روشناس کرانے کیلئے امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے کے زیراہتمام ویبینار کا انعقاد کیا گیا۔
ویبینار میں ملک میں سیاحت کی ترقی، سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی، امن و امان کی بہتر صورتحال، بنیادی ڈھانچہ اور غیرملکی سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا کو اجاگر کیا گیا۔
امریکہ میں پاکستان کے سفارتخانہ سے جاری بیان کے مطابق ویبینار میں فن تعمیر، تاریخ اور آثار قدیمہ کے شعبہ جات سے متعلقہ ماہرین اور سیاحت سے دلچسپی رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
امریکہ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان، منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن ، پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمن، ماہر فن تعمیر جین گارڈنر، صدر انٹرنیشنل فرینڈشپ کلب شائستہمحمود، معروف آرکیٹیکٹ و ماہر تعلیم زین مصطفی اور ماہر آثار قدیمہ ڈاکٹر عاصمہ ابراہیم نے شرکاء کو پاکستانی ثقافت اور سیاحتی استعداد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان چند خوش نصیب ممالک میں کیا جاتا ہے جہاں دنیا بھر اور ہمہ قسم کی سیاحت میں دلچسپی رکھنے والے افراد کیلئے تمام مواقع موجودہیں۔ انہوں نے کہا کہ معروف بین الاقوامی تنظیموں اور سیاحتی جریدوں کی جانب سے سیاحت کے اعتبار سے پاکستان کو بہترین ملک شمار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بہتر صورتحال اور بنیادی ڈھانچہ کی بہتری کیلئے موجودہ حکومت کی کوششوں سے سیاحت کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین ماہرین فن تعمیر، تاریخ دانوں اور سیاحوں کو انسانی تاریخ و تمدن کے بارے میں آگاہی کا نادر موقع فراہم کرتی ہے۔
ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ پاکستان میں تفریحی سیاحت، مہم جوئی، ثقافتی، مذہبی، تعلیمی، میڈیکل، زرعی سیاحت کے ساتھ ساتھ سیاحت کے دیگر شعبوں میں بھرپور مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کی مہمان نوازی اور گرم جوشی غیرملکی مہمانوں کیلئے انتہائی متاثر کن ہے،
موجودہ حکومت کی جانب سے سیاحت کے فروغ کیلئے ویزہ کے نظام کو انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے، 50 ممالک کے شہریوں کو پاکستان آمد پر ویزہ فراہم کرنے اور 191 ممالک کے شہریوں کیلئے آن لائن ویزہ سہولت فراہم کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کیلئے بہترین بنیادی ڈھانچہ اور مکمل سکیورٹی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،
موجود حکومت پاکستان کے ثقافتی ورثے اور سیاحت کے فروغ حوالے سے پرعزم ہے اور اس حوالے سے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے فن تعمیر اور آثار قدیمہ سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے کہا کہ پاکستان میں موجود بلند پہاڑی سلسلے، شمالی علاقہ جات، سرسبز و شاداب میدان، وسیع و عریض صحرا، بہترین ساحلی علاقے، مہرگڑھ، موہنجو ڈارو، ہڑپہ اور وادی سندھ کی قدیم تہذیبوں پر مبنی تاریخی مقامات اور ملک کا ثقافتی تنوع دنیا بھر کے سیاحتوں کیلئے یکساں طور پر دلچسپی کا باعث ہے۔
اس موقع پر ویبینار کے شرکاء نے پاکستان میں سیاحت، بنیادی ڈھانچہ اور سیاحت کے حوالے سے دستیاب سہولیات کے حوالے سے ماہرین سے سوالات بھی کئے۔ پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان اور ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے سیاحوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔