قومی یکجہتی کے لئے ریاست اور عوام کا باہمی تعاون وقت کی اشد ضرورت: ڈاکٹرمحمد شفیق
گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین خانیوال میں نظریہ پاکستان سوسائٹی کے زیر اہتمام "قیامِ پاکستان اور قومی یک جہتی کے تقاضے" کے عنوان سے ایک سیمینارکا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت قائم مقام پرنسپل ایسوسی ایٹ پروفیسر انجم آصف نے کی اورمہمانِ خصوصی پروفیسرڈاکٹرمحمد شفیق بھٹی چیئرمین ڈیپارٹمنٹ ہسٹری اینڈ سِویلائزیشن سٹڈیز بہاءالدّین زکریا یونیورسٹی ملتان تھے جبکہ مہمان اعزاز سابق پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین خانیوال پروفیسرعابدہ فاطمہ تھیں۔کمپئیرنگ کے فرائض اسسٹنٹ پروفیسر اصفیاء تحسین نےانجام دیئے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئےپروفیسر ڈاکٹرمحمد شفیق بھٹی نے مفصل و مدلل انداز میں مجوزہ موضوع کا احاطہ کیا۔ قیامِ پاکستان کے تاریخی سفرکومدبرانہ انداز میں پیش کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ ریاست کا کام قومی یک جہتی کو فروغ دیناہے اورعوام کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے اور ملک میں یک جہتی کے فروغ کے لئے ملکی اکائیوں کو ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کرتے ہوئے تمام تعصبات سے بالاترہو کر کام کرنا ہوگا۔ مہمانِ اعزاز پروفیسر عابدہ فاطمہ نے قومی یک جہتی کے حوالہ سے والدین اور اساتذہ کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مل کر پاکستان کو تواناء ، خوشحال اور سرسبز بنانا ہے ۔ اس موقع پر نظریہ پاکستان سوسائٹی کی صدر پروفیسر شازیہ قادری اورہسٹری سوسائٹی کی صدرمس حامدہ فاطمہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ قائم مقام سربراہِ ادارہ پروفیسر انجم آصف نے مہمانوں اور شرکاء سیمینار کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور نوجوانوں کو ملکی تعمیرو ترقی کے لئے ملکر کام کرنا ہو گا۔ سیمینار میں اساتذہ اورطالبات نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پرسربراہِ ادارہ پروفیسر انجم آصف نے سیمینارکے انعقاد کے لئے پروفیسر شازیہ قادری، حامدہ فاطمہ، اصفیا تحسین اور عصمت ریاض کی کاوشوں کو بھی سراہا۔۔