پاکستان میں زیتون کی کاشت کے فروغ کیلئے اٹلی کا 1.5 ملین ڈالر کے منصوبے میں سرمایہ کاری کا اعلان، (اے پی پی پی)
پاکستان میں اٹلی کے سفیر اینڈریاس فیرریزنے کہا ہے کہ پاکستان میں زیتون کی کاشت کو فروغ دینے کیلئے اٹلی 1.5 ملین ڈالر کے منصوبے میں سرمایہ کاری کرے گا، اٹلی نے پہلے ہی پاکستان کو زیتون کی کاشت میں بہتری کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کی ہے، 1.5 ملین ڈالر کا منصوبہ 26 ماہ میں مکمل کیا جائے گا، پاکستان میں زیتون کی کاشت بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے جس سے پاکستان نہ صرف ملکی ضروریات پوری کر سکتا ہے بلکہ برآمد کرکے کثیر زرمبادلہ بھی حاصل کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقے موسمیاتی طور پر زیتون کی کاشت کیلئے انتہائی موزوں ہیں، ان علاقوں میں زیتون کی کاشت کو فروغ دے کر پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے جس سے نہ صرف ملکی ضرورت پوری کی جا سکتی ہے بلکہ برآمد کرکے کثیر زرمبادلہ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہترین تجارتی تعلقات ہیں، پاکستان مجموعی طور پر 763 ملین ڈالر کی اٹلی کو برآمدات کرتا ہے جبکہ مجموعی درآمدات 754 ملین ڈالر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی کئی عشروں سے پاکستان میں زیتون کی پیداوار میں اضافہ کیلئے معاونت فراہم کر رہا ہے، 2012 سے 2015 کے دوران اٹلی نے زیتون کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی جس کے باعث 2 ہزار ایکڑ سے زائد اراضی پر زیتون کی کاشت ممکن ہوئی
انہوں نے کہا کہ زیتون کی پیداوار میں اضافہ سے پاکستان میں نہ صرف خوردنی آئل کی بڑھتی ہوئی مانگ پوری کی جا سکتی ہے بلکہ درآمدی بل میں بھی کمی لائی جا سکتی ہے۔