صنعتی شعبے کے فروغ کیلئے مراعاتی پیکیج کا اعلان
وزیراعظم عمران خان نے آج صنعتی شعبے کے فروغ کیلئے مراعاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے جس میں مقامی اور بیرون ملک مقیم تاجروں کو سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے پر ترجیح دی گئی ہے۔لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے صنعتی پیکج سے دوسرے شعبوں سمیت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار میں سرمایہ کاری کیلئے مراعات ملیں گی اور بیمار صنعت بحال ہو گی۔وزیراعظم نے کہا کہ صنعتی پیکیج سے ملکی برآمدات اور صنعتوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو گا۔عمران خان نے کہا کہ مقامی تاجروں کے ساتھ ساتھ ہم بیرون ملک مقیم پاکستانی تاجروں کو صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کی پیشکش کر رہے ہیں۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنے والے مقامی تاجروں کو بھی پانچ سال تک ٹیکس استثنیٰ ملے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت برآمدی صنعتوں کے فروغ کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کر رہی ہے جو ملک کی سماجی اوراقتصادی ترقی و خوشحالی کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے دولت میں اضافے اور ملکی ترقی کیلئے صنعتی اور پیداواری شعبے کی اہمیت پر زور دیا۔عمران خان نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی منفی پالیسیاں پاکستان میں مطلوبہ صنعتی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ موجودہ حکومت ہے جس نے خصوصاً برآمدی صنعتوں کے فروغ کا فیصلہ کیا ہے۔