صدر مملکت نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں شاندار مواقع سے استفادہ کریں
صدر مملکت عارف علوی نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں شاندار مواقع سے استفادہ کریں۔آج اسلام آباد میں COMSATS یونیورسٹی کے 13 ویں جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ دنیا کو 2030ء تک سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں تقریباً 8 کروڑ افرادی قوت کی ضرورت ہو گی۔صدر نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کے لئے وزیر اعظم کی طرف سے ٹیکس میں چھوٹ کے اعلان کو سراہا۔عارف علوی سے آن لائن تعلیم کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستانی نوجوان کے پاس وہ تمام صلاحیتیں ہیں جن کے ذریعے وہ آسانی سے ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔صدر نے جعلی خبروں کے رجحان کی حوصلہ شکنی پر زور دیا کیونکہ ان سے معاشرے میں بے چینی پھیلتی ہے اور لوگوں کو گمراہ کیا جاتا ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جھوٹی خبریں پھیلانا ہماری مذہبی تعلیمات کے خلاف ہے اور یہ ہماری سب کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ہم جعلی خبروں کے چیلنج پر قابو پانے اور عوام میں اس بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔صدر نے اس موقع پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں ڈگریاں اور انعامات تقسیم کئے۔