پاکستان ریلوے اتوار سے چمن کیلئے 30بوگیوں پر مشتمل خصوصی قرنطینہ ٹرین چلائے گا،شیخ رشید
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، گزشتہ دو ہفتے کے دوران ہلاکتوں اور متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران 908 مریض سامنے آئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق چوبیس گھنٹوں کی بات کی جائے تو 29 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 9164 لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں، اب تک ملک بھر میں ایک لاکھ 93 ہزار 859 مریضوں کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
ملک بھر میں مریضوں کی بات کی جائے تو اس وقت متاثرہ افراد کی تعداد 19022 تک پہنچ چکی ہے، اس دوران 4753 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں، جبکہ 14269 مریض تاحال زیر علاج ہیں۔
چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مریضوں کی بات جائے تو اس وقت پنجاب میں مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جہاں پر 7106مریض ہیں۔
دوسرے نمبر پر سندھ ہے جہاں پر مریضوں کی تعداد 7102 ہے، بلوچستان میں 1136 ، خیبر پختونخوا میں 2907 ، اسلام آباد میں 365 ، آزاد کشمیر میں 66اور گلگت بلتستان میں 340مریض ہیں۔
ملک بھر میں جاں بحق افراد کی بات کی جائے تو خیبرپختونخوا میں ہلاکتیں سب سے زیادہ ہیں، جہاں پر 172 فراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، سندھ میں 122 افراد خالق حقیقی سے جا ملے، پنجاب میں 120 افراد کورونا وائرس سے لڑتے لڑتے جانبرنہ ہو سکے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 4 ، بلوچستان میں 16، گلگت بلتستان میں 3 افراد دار فانی سے کوچ کر گئے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں تاحال کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 43، بلوچستان میں 183، گلگت بلتستان 255، اسلام آباد میں 44، خیبر پختونخوا میں 728، پنجاب میں 2205، سندھ میں 1295 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سکیورٹی کی بات کی جائے تو چاروں صوبائی دارالحکومت لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور، وفاقی دارالحکومت، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پاک فوج، پولیس اہلکار سمیت دیگر اہلکار اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
خواتین میں کورونا کیسز کی شرح بڑھ رہی ہے: مرتضیٰ وہاب
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ میں خواتین میں کورونا وائرس کی شرح بڑھ رہی ہے، احتیاط نہیں کر رہے ہیں اس وجہ سے وائرس گھروں تک پہنچا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ میں خواتین میں کرونا کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے، حالیہ دنوں خواتین میں کرونا کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے مجموعی کیسز میں 26 فیصد خواتین مریض ہیں، معصوم بچے بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ 10 سال سے کم عمر کے 253 بچے کرونا میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار بتانے کا مقصد یہ ہے کرونا ہمارے گھروں میں داخل ہوچکا ہے، احتیاط نہیں کر رہے ہیں اس وجہ سے وائرس گھروں تک پہنچا ہے۔ احتیاط کرنے کی وجہ سے ہماری فیملی کے لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یاد رکھیں عوام کے تعاون کے بغیر کرونا پر قابو پانا آسان نہیں، پچھلے 2 ماہ میں سندھ کے عوام نے حکومت کا بہت ساتھ دیا۔ اعداد و شمار شیئر کرنے کا مقصد احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی فکر پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو عوام کی پریشانیوں کا ادراک ہے، یہ پریشانیاں اور مشکلات کسی کی جان سے زیادہ نہیں ہیں۔ جلد معاشی مشکلات دور ہوں گی، کرونا کے خلاف جنگ جیتنا ہوگی، خود بھی گھر پر رہیں اور ایک دوسرے کو گھروں پر رہنے کی تلقین کریں۔